بنگلورو،29؍مئی(ایس او نیوز) ملک بھر میں ضرورت مندوں کی مدد کیلئے یکجا کیا جانے والا دس فیصد خون ضائع کردیا جاتا ہے۔نیشنل ایڈز کنٹرول سوسائٹی کی طرف سے جاری کئے گئے اعداد وشمار کے مطابق ملک بھر میں عطیہ کے طور پر جمع کئے جانے والے خون کو ضائع کرنے والی ریاستوں میں کرناٹک تیسرے مقام پر ہے۔ ریاست میں 40 سرکاری بلڈ بینکوں سمیت 200 بلڈ بینک کام کرتے ہیں ، اتنے بڑے بلڈ بینکوں کے نیٹ ورک میں کئی لوگ رضاکارانہ طور پر خون کا عطیہ دیتے ہیں۔اس کے علاوہ روزانہ زخمیوں یا مریضوں کی جان بچانے کیلئے ہزاروں افراد اپنے خون کا عطیہ دیا کرتے ہیں۔ اپریل 2016تامارچ2017 ریاست بھر میں 7.2 لاکھ یونٹ خون جمع کیاگیا۔اس مدت کے دوران صرف 6.25لاکھ یونٹ جمع ہونے کا نشانہ طے کیاگیاتھا لیکن بلڈ بینکوں نے 109 فیصد کامیابی حاصل کی ۔ مہاراشٹرا کے ایک آر ٹی آئی کارکن کی طرف سے حاصل کی گئی معلومات کے مطابق کرناٹک میں جمع کیا گیا خون کا بہت بڑا حصہ ضائع کردیاگیا ہے۔